وزیراعظم عمران خان کل 2 روزہ دورے پر سری لنکا جائیں گے

وزیراعظم عمران خان کل 2 روزہ دورے پر سری لنکا جائیں گے
کیپشن: وزیراعظم عمران خان کل 2 روزہ دورے پر سری لنکا جائیں گے
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کل سے سری لنکا کادوروزہ سرکاری دورہ کریں گے۔وزیراعظم سری لنکا کے اپنے ہم منصب مہنداراجہ پکسے کی دعوت پر سری لنکا کادورہ کرہے ہیں جس میں کابینہ کے ارکان اورسینئرعہدیداروں سمیت اعلیٰ سطح کاوفد ان کے ہمراہ ہوگا۔وزیراعظم اپنے اس دورے میں صدرگوتابایاراجہ پکسے اوروزیراعظم مہنداراجہ پکسے کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

وہ دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح کے مذاکرات کی قیادت بھی کریں گے جس میں تجارت، سرمایہ کاری ،صحت، تعلیم، زراعت ،سائنس وٹیکنالوجی، دفاع اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں اضافے کے معاملا ت شامل ہوں گے۔فریقین دوطرفہ امورسمیت اہم علاقائی اوربین الاقوامی مسائل پربھی تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیراعظم ایک مشترکہ تجارتی اورسرمایہ کاری کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے جس کامقصد دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اورسرمایہ کاری کوفروغ دیناہے۔دورے کے دوران دوطرفہ تعاون میں اضافے کے لئے مفاہمت کی متعددیادداشتوں پردستخط کئے جائیں گے۔پاکستان اورسری لنکا کے درمیان برادرانہ اورمفیدباہمی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک متعدد عالمی اورعلاقائی امورپریکساں خیالات رکھتے ہیں۔