لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو شکست دے دی

لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو شکست دے دی
سورس: File photo

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے فخر زمان اور محمد حفیظ کی دھواں دار اننگز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر رواں سیزن میں مسلسل دوسری فتح حاصل کر لی ہے، فخر زمان نے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد حفیظ 73رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی جانب سے سہیل اختر اور فخر زمان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 179 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 64 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر سہیل اختر 21 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے یہ پہلی اور آخری کامیابی ثابت ہوئی کیونکہ اس کے بعد محمد حفیظ اور فخر زمان کا جادو چلا جنہوں نے کسی بھی باؤلر کی ایک نہ چلنے دی اور گراؤنڈ کے چاروں جانب خوبصورت سٹروکس کھیلے، دونوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 115 رنز جوڑ کر لاہور قلندرز کو زبردست فتح سے ہمکنار کروا دیا۔ فخر زمان نے 52 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 82 رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ 33 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کوئی بھی باﺅلر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا اور زاہد محمود واحد وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے جبکہ انور علی سب سے مہنگے باؤلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 33 رنز دئیے مگر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ 

قبل ازیں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے کرس گیل کے عمدہ 68 رنز کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ کوئٹہ کی جانب سے ٹام بینٹن اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا مگر صرف 7 کے مجموعی سکور پر ٹام بینٹن حارث رؤف کی گیند پر احمد دانیال کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں صرف 5 رنز کے اضافے کے بعد صائم ایوب بھی شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سہیل اختر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے صرف تین رنز بنائے۔ 

 ابتدائی نقصان کے بعد کپتان سرفراز احمد اور کرس گیل نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 101 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 113  تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر سرفراز احمد حارث رؤف کی گیند پر بین ڈنک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 33 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔کرس گیل نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 40 گیندوں پر پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن 118 کے مجموعی سکور پر وہ بھی ہمت ہار بیٹھے اور راشد خان کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اعظم خان تھے جو 13 رنز بنا کر احمد دانیال کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ لاہور قلندرز کو چھٹی کامیابی فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے دلائی اور 162 کے مجموعی سکور پر بین کٹنگ کو کلین بولڈ کر دیا، وہ 6 گیندوں پر 5 رنز بنا سکے۔ آل راؤنڈر محمد نواز نے آخری اوورز میں طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 33 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ 

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 38 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی، احمد دانیال اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

 واضح رہے کہ میچ کیلئے لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، آغا سلمان، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، شاہین شاہ آفریدی، احمد دانیال اور حارث رؤف شامل تھے۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام بینٹن، کرس گیل، صائم ایوب، اعظم خان، محمد نواز، بین کٹنگ، عثمان خان شنواری، انور علی، محمد حسنین اور زاہد محمود شامل تھے۔