دو لاکھ ڈالرز کی ڈکیتی؟ پولیس کو موصول ہونیوالی کال کا ڈراپ سین

 دو لاکھ ڈالرز کی ڈکیتی؟ پولیس کو موصول ہونیوالی کال کا ڈراپ سین

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت  میں شہری کی طرف سے پولیس کو موصول ہونیوالی کال کا ڈراپ سین ہو گیا۔ ڈکیتی کی کال جھوٹی نکلی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے  تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقہ بری امام میں شہری نے کال پر اطلاع دی کہ چار ملزمان گن پوائنٹ پر دو لاکھ امریکی ڈالر چھین کرفرار ہوگئے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق واقعہ پر آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے سخت نوٹس لیا اورپولیس نے بروقت ریسپانس کیا ۔ ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر افسران واقعہ کی جگہ پہنچے، واقعہ کی کال کے وقت پولیس کی بھاری نفری اس جگہ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن میں بھی مصروف تھی۔واقعہ کے متعلق شہری کے نکلنے کی بتائی ہوئی جگہ سے جائےوقوعہ تک تمام سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی چیک کیا گیا اور جدید ٹیکنالوجی کی بھی مدد لی گئی، پولیس نے واقعہ کی ہر زاویہ سے تفتیش کی اور مکمل تحقیقات اور چھان بین کے بعد شہری کی کال جھوٹی پائی گئی ۔ شہری نے پولیس کو اپنا ایڈریس بھی غلط فراہم کیا۔

اسلام آباد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی جھوٹی کال کرنے پر شہری کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

آئی جی اسلام آباد   محمد احسن یونس  نے عوام سے اپیل کی ہے کہ  اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔   شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ کسی قسم کی جھوٹی کال کرنے سے گریز کریں۔

مصنف کے بارے میں