زرداری شہباز ملاقات کا اعلامیہ ، کل ایک اور اہم ملاقات پر اتفاق 

زرداری شہباز ملاقات کا اعلامیہ ، کل ایک اور اہم ملاقات پر اتفاق 
سورس: File

لاہور : سابق صدر آصف علی زرداری سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی بلاول ہاؤس میں ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ 

مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پی پی پی چئیرمن بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی(ف) کے پارلیمانی قائد مولانا اسعد محمود بھی موجود تھے۔  راہنماؤں میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اہم گفتگو ہوئی ۔ 

اپوزیشن قائدین میں تحریک عدم اعتماد پر فیصلہ کن اقدام پر اہم مشاورت ہوئی ۔قائدین نے اتفاق کیا کہ  مہنگائی کی آگ عوام کے گھر جلا رہی ہے، حکومت کو گھر بھجوا کر عوام کو اس ظلم سے بچایا جا سکتا ہے۔ عوام کی خواہشات پوری کرنے کے لئے تندہی سے کام کریں گے، ان شاءاللہ جلد رزلٹ دیں گے ۔

قائدین کا کہنا تھا کہ فسطائیت اور آمریت کو پیکا ترمیمی قانون کا نام دیا گیا ہے، میڈیا اور اظہار رائے کی آزادیاں چھیننے والے حکمران سے اقتدار چھین لیں گے ۔ قائدین کا ملک میں بدامنی اور لاقانونیت پر اظہار تشویش، حکمران عوام کی جان ومال اور بنیادی ضروریات پوری کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سابق صدر زرداری، شہبازشریف، مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو میں کل مشترکہ ملاقات کرنے پر اتفاق ہوا ہے ۔ تینوں جماعتوں کی سینئر قیادت کی یہ ملاقات کل دوپہر شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہوگی ۔

سابق صدر زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور جے یو آئی(ف) کے مرکزی قائدین نے بھی شرکت کی۔  سید یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ، مخدوم احمد محمود، مریم اورنگزیب ،اکرم خان درانی، فیصل کریم کنڈی بھی  موجود تھے۔ 

مصنف کے بارے میں