الیکشن میں تاخیر پر ازخود نوٹس، حکومت کا بینچ میں 2 ججز کی شمولیت پر تحفظات کا اظہار

الیکشن میں تاخیر پر ازخود نوٹس، حکومت کا بینچ میں 2 ججز کی شمولیت پر تحفظات کا اظہار

اسلام آباد: حکومت نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کیس کی سماعت کیلئے قائم بینچ میں 2 ججز کی شمولیت پر تحفظات اٹھا دئیے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات کے حوالے سے بینچ تشکیل دیا جہاں ہم اپنے تحفظات معزز عدلیہ کے سامنے رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے اس معاملے پر ازخود نوٹس لینے پر خوشی ہے تاہم بینچ کے بارے میں ابھی کچھ نہیں پتہ لیکن کچھ تحفظات کا اظہار ہم نے پہلے ہی کیا ہوا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ اگر وہ دو جج صاحبان بھی بینچ کا حصہ ہیں تو ہم اپنے تحفظات رکھیں گے، میڈیا پر ان دو جج صاحبان کے حوالے سے جو تضاد ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ان کی آڈیو لیکس کی فارنزک کروائی ہے جس میں گفتگو کی تصدیق ہوئی جبکہ ماہرین نے بھی آڈیو اصلی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ 
وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام بار کونسلز کا متفقہ مطالبہ ہے یہ دونوں ججز عہدہ چھوڑ دیں بلکہ وہ تو ان کے خلاف ریفرنسز لانے کا بھی عندیہ دے چکی ہیں، کیسے ممکن ہے وہ ججز جن کیخلاف ریفرنسز ہوں وہ بنچ کا حصہ ہوں۔

مصنف کے بارے میں