ناقابل قبول معاملات پر ٹرمپ سے بلا جھجھک بات کروں گی، برطانوی وزیراعظم

برطانوی وزیرِاعظم تھریسامے کا کہنا ہے کہ اگر انہیں کچھ معاملات ناقابلِ قبول محسوس ہوئے تو وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اس پر بات کرنے میں جھجھک محسوس نہیں کریں گی۔

لندن: برطانوی وزیرِاعظم تھریسامے کا کہنا ہے کہ اگر انہیں کچھ معاملات ناقابل ِ قبول محسوس ہوئے تو وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اس پر بات کرنے میں جھجھک محسوس نہیں کریں گی۔

وزیراعظم تھریسامے نے کہا کہ وہ کسی غلط بات پر اس کا ٹرمپ سے اظہار کرنے پر خوف محسوس نہیں کریں گی اور جو معاملات انہیں ناقابل قبول لگے وہ اس پر ٹرمپ سے بلا جھجھک بات کریں گی۔

تھریسامے نے کہا کہ وہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان تعلقات مزید مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گی اور دونوں ممالک میں ’’خصوصی تعلقات‘‘ کی بنا پر ہی مشکل معاملات کو اٹھانے کے قابل ہوں گی۔ ٹرمپ کی جانب سے خواتین سے متعلق نازیبا جملوں کے استعمال کے سوال پر برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خواتین کے متعلق ٹرمپ کے بعض جملے ناقابل ِ برداشت ہیں اور وہ پہلے ہی اس کا اظہار کرچکی ہیں تاہم  ٹرمپ ان جملوں پر معافی بھی مانگ چکے ہیں۔ تھریسامے کا کہنا تھا کہ وہ ٹرمپ سے برابری کی بنیاد پر ملاقات کریں گی اور اس کے بعد خواتین کے کردار پر ایک اہم بیان بھی جاری کریں گی۔