راؤ انوار نے تعاون نہیں کیا تو انہیں گرفتار کر لیا جائیگا، تفتیشی افسر

راؤ انوار نے تعاون نہیں کیا تو انہیں گرفتار کر لیا جائیگا، تفتیشی افسر

کراچی: نقیب اللہ کیس کی تفتیش کرنے والے ایس ایس پی انویسٹی گیشن عابد قائم خانی کا کہنا ہے کہ راؤ انوار اور دیگر نے تعاون نہ کیا تو انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن عابد قائم خانی نے کہا کیس میں ملوث افراد کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں بڑی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک راؤ انوار سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہر ذرائع سے سینئر افسران نے بھی رابطے کی کوشش کی۔ ان کے گھروں پر نوٹس دے دیئے ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی اپنی جگہ پر موجود نہیں تھا۔

عابد قائم خانی مزید کہا کہ یہ ایک ہائی پروفائل کیس ہے جس پر پورے پاکستان کی نظر ہے اس میں معاونت کے لیے اسپیشل برانچ کے ایس پی سمیت اعلیٰ پولیس افسران کا ساتھ حاصل ہے۔ عابد قائم خانی کا کہنا تھا کہ کیس میں جو لوگ ملوث ہیں وہ پولیس افسران ہیں اس لیے ہماری خواہش ہے کہ وہ تفتیش میں شامل ہوں کیونکہ ہمارا طریقہ کار قانونی ہے اگر وہ قانونی مراحل پر پورا نہیں اترتے تو قانونی کارورائی کریں گے۔ کیس مکمل میرٹ پر چلے گا، کوئی دباؤ قبول کیا نہ کریں گے۔

نقیب اللہ محسود کو مبینہ طور پر پولیس مقابلے میں ہلاکت میں ملوث ہونے پر معطل ملیر کے سابق ایس ایس پی راؤ انوار انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اے ڈی خواجہ اور انسانی حقوق کے قومی کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

یاد رہے کہ راؤ ا نوار نے 27 سالہ نوجوان نقیب اللہ محسود کو 13 جنوری کو کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقتول کا تعلق دہشت گرد تنظیم سے تھا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں