حزب اللہ نے ہمارے خلاف دہشت گرد گروپوں کو سپورٹ کیا ، بحرین

حزب اللہ نے ہمارے خلاف دہشت گرد گروپوں کو سپورٹ کیا ، بحرین

منامہ: بحرین کے وزیر داخلہ شیخ راشد عبداللہ آل خلیفہ نے اتوار کے روز انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ سال ایسے 19 منصوبوں کو ناکام بنایا گیا جن پر دہشت گرد عمل درآمد کا ارادہ رکھتے تھے۔ منصوبہ بندی میں کئی ذمّے داران اور شخصیات کی ہلاکت، سکیورٹی اہل کاروں کو نشانہ بنانا اور تیل کی تنصیبات کو  نذر آ تش کرنا شامل ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزارت داخلہ نے بحرین کا امن و استحکام بگاڑنے کے لیے دہشت گردی کے 19 منصوبے ناکام بنانے کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے 100 سے زیادہ سکیورٹی مشن انجام دیے جن میں 42 تنصیبات بھی شامل ہیں۔ اس دوران 290 سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب ، حزب اللہ اور الحشد الشعبی ملیشیا بحرین میں دہشت گرد گروپوں کی سپورٹ میں شریک ہیں۔

شیخ راشد نے واضح کیا کہ یہ دہشت گرد گروپ جن امور کے ذمّے دار تھے اْن میں ہتھیاروں اور گولہ بارود کو ذخیرہ کرنا اور دھماکا خیز آلات اور مالی رقوم کی منتقلی شامل ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان گروپوں کو ایران میں موجود عناصر چلا رہے تھے جن کی ایرانی پاسداران انقلاب ، عراق میں الحشد الشعبی اور لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ رابطہ کاری تھی تا کہ دہشت گرد عناصر کو تربیت فراہم کی جا سکے۔

شیخ راشد کے مطابق ان افراد کو احتساب کے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا اگرچہ وہ ممالک جہاں یہ لوگ مقیم ہیں انٹرپول کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے اور نہ اس کے ریڈ وارنٹس کی پاسداری کر رہے ہیں۔وزیر داخلہ کا یہ موقف بحرین کے علماء دین اور پارلیمنٹ اور شوری کے ارکان کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران سامنے آیا۔

ادھر بحرین کے وزیر داخلہ نے باور کرایا کہ ان کا ملک معاشرے میں اشتعال انگیزی کا دروازہ کھولنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا قومی فریضہ اس بات کا متقاضی ہے کہ شدت پسندی اور فرقہ واریت کا مقابلہ کیا جائے۔