ایران دہشت گردی کا سب سے بڑا پشتی بان ہے،سعودی وزیرخارجہ

ایران دہشت گردی کا سب سے بڑا پشتی بان ہے،سعودی وزیرخارجہ

ریاض :سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے کہا ہے کہ سعودی عرب ایک خود مختار ریاست ہے اور ہم کسی کو مملکت کا گھیراﺅ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔


میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے یورپی رہ نماﺅں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کے بارے میں ان کی معلومات افواہوں پر مبنی ہیں۔الجبیر نے کہا کہ ہماری عدلیہ پرتنقید کا سلسلہ بند کیا جائے۔

سعودی عرب کوئی 'بنانا اسٹیٹ' نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے اقتصادی اور عسکری شعبوں میں یورپی ممالک کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔

سعودی عرب ایک عرصے سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔یورپی پارلیمنٹ سے خطاب میں سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے کہا کہ ایران پوری دنیا میں دہشت گردی کا سب سے بڑا پشت پناہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عراق، لبنان اور ایران کے اہل تشیع بھی تہران رجیم کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔سعودی وزیر نے کہا کہ قطر کے ساتھ جاری تنازع کے خاتمے کے لیے دوحا کو دہشت گردی کی معاونت ختم کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے یمن میں تعمیر وترقی کے لیے 14 ارب ڈالر کی رقم فراہم کی۔ جب کہ یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر 300 میزائل اور 100 ڈرون حملے کیے۔ حوثی ملیشیا یمنی عوام کے خلاف جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے۔