کورونا وائرس امریکہ  پہنچ گیا، پہلے متاثرہ شخص کی تصدیق

کورونا وائرس امریکہ  پہنچ گیا، پہلے متاثرہ شخص کی تصدیق


واشنگٹن:کورونا وائرس امریکہ پہنچ گیا ،  امریکی حکام کی جانب سے   پہلے متاثرہ شخص  کی تصدیق کی گئی  ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ چائنا وائرس، یعنی کورونا وائرس سے متاثرہ ایک شخص کی تصدیق ہوئی ہے جو حال ہی میں چین کے سفر سے واپس آیا تھا۔

امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی)کی جانب سے کہا گیا کہ چین میں دریافت ہونے والا وائرس امریکی شہر سیاٹل میں ایک ایسے شخص میں پایا گیا جو چین کے سفر سے واپس آیا تھا۔

امریکہ میں پائے جانے والا مریض 30 کی دہائی میں ہے اور سی ڈی سی کے مطابق وہ 15 جنوری کو چین سے واپس امریکہ آیا تھا۔سی ڈی سی کے اعلامیے کے مطابق مریض نے واشنگٹن ریاست کے ایک ہسپتال میں اپنے علاج کے لیے رابطہ کیا تھا جہاں ان کی مرض کی تشخیص اور علاج ہوا۔

مریض کے سفری ریکارڈ اور طبی علامات کو دیکھ کر ڈاکٹروں کو شک ہوا کہ انھیں کورونا وائرس ہے۔ان کے سائنسی تجزیے اور تجربے کرنے کے بعد 20 جنوری کو اس بات کی تصدیق کی گئی کہ مریض کورونا وائرس ہے۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے حکام اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ کورونا وائرس ہے۔

اس وائرس کی بہت سی اقسام ہیں لیکن ان میں سے چھ اور اس حالیہ وائرس کو ملا کر سات ایسی قسمیں ہیں جو انسانوں کو متاثر کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں چینی شہر ووہان میں دریافت ہونے والے کورونا وائرس سے اب تک تقریبا 300 افراد متاثر ہو چکے ہیں اور ان میں سے چار ہلاک ہو گئے ہیں۔