ٹی 20سیریز،بنگلہ دیشی ٹیم آج پاکستا ن پہنچے گی

ٹی 20سیریز،بنگلہ دیشی ٹیم آج پاکستا ن پہنچے گی

لاہور:پاکستان کے خلاف ٹی 20سیریز کھیلنے کے لئے بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم آج پاکستان پہنچے گی جس کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،مہمان ٹیم کے ہمراہ بنگلہ دیش انٹیلیجنس کے افسران بھی موجود ہوں گے۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 24، دوسرا 25 اور تیسرا 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں  کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیمیں 23 جنوری دوپہر 1 سے شام 4 بجے تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کریں۔ 23 جنوری دوپہر 12:45بجے دونوں ٹیموں کے کپتان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پری سیریز میڈیا کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

پری سیریز پریس کانفرنس کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتان ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کریں گے۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والی ٹی20 سیریز میں شامل تمام میچز دوپہر دو بجے شروع ہوں گے۔

قومی ٹیم کی کپتانی بابراعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احسان علی، عماد بٹ، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، موسی خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک اور عثمان قادر شامل ہیں۔

پاکستان 2008 میں بھی بنگلہ دیش ٹی20 کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرچکا ہے۔ دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2016 میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں تھیں۔ 16 مارچ 2016 کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 55 رنز سے شکست دی تھی۔