پاکستان کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا: عمران خان

پاکستان کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا: عمران خان

ڈیووس: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا کیونکہ پائیدار  امن کے بغیر معیشت مضبوط نہیں ہو سکتی۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے 50 ویں سالانہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا انہوں نے وزیراعظم بنتے ہی  پاکستان میں 10 بلین درخت لگانے کا اعلان کیا، جس کا آغاز انہوں نے خیبر پختونخوا کیا تھا۔ درخت لگانے سے  گلوبل وارمنگ میں کمی آتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ شہروں میں آلودگی کم ہوتی ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ اور روس کی افغان جنگوں میں شرکت سے پاکستان کی معیشت بھی نشانہ بنی اور پاکستان کا تشخص بھی مجروح ہوا اور اس کو دنیا کا خطرناک مقام قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 'ہم نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی، امریکا اور ایران کے درمیان بھی کردار ادا کرنے کی کوشش کی'۔

امن عمل میں پاکستان کے کردار کا ذکر جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'افغانستان کے امن عمل میں طالبان کو افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار کرنے میں پاکستان، امریکا کا شراکت دار ہے، ہم افغانستان میں امن کے لیے کسی حل کے قریب ہیں'۔

پاکستان کی معیشت کو استحکام کی جانب گامزن قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بالآخر استحکام کی طرف جارہی ہے اور گزشتہ چند ماہ میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ رک گیا ہے، اسٹاک مارکیٹ اوپر گئی ہے اور پاکستان میں سرماریہ کاری سالانہ 200 فیصد بڑھ گئی ہے۔