توقع ہے نئی امریکی انتظامیہ افغانستان سے فوجیوں کے انخلا کے وعدے پر قائم رہے گی، شاہ محمود قریشی

توقع ہے نئی امریکی انتظامیہ افغانستان سے فوجیوں کے انخلا کے وعدے پر قائم رہے گی، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:  وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے نئی امریکی انتظامیہ اور جو بائیڈن پر توقع ظاہر کی ہے کہ وہ افغانستان سے فوجیوں کے انخلا کے اپنے وعدے پر قائم رہیں گے۔

وزیرخارجہ  شاہ محمود قریشی نے ایک عرب ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ افغان امن عمل مذاکرات کے ذریعے درست سمت پر گامزن ہیں اور اب جو بائیڈن انتظامیہ کی ذمے داری ہے کہ وہ امریکی فوجیوں کے افغانستان سے انخلا کا عمل یقینی بنائیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق اس وقت افغان امن عمل کے ذریعے ہم بڑے طویل عرصے بعد درست راہ پر گامزن ہیں۔ گزشتہ سال ہونے والے کامیاب افغان عمل مذاکرات کے بعد امریکا نے یقین دہائی کرائی تھی کہ اپریل تک افغانستان سے وہ اپنے فوجی واپس لے جائے گا لیکن پینٹا گون نے اس جانب اشارہ دیا کہ افغانستان میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہوئی تو اس عمل میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ پاکستان کو اسی حوالے سے تشویش ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر بھی ہیں جو اس امن مذاکرات میں شریک نہیں تھے وہ افغانستان میں امن اور استحکام دیکھنا نہیں چاہتے۔ افغان قیادت کوخود اس پہلوپر غور کرنا چاہیے کہ وہ اپنے ملک میں امن چاہتے ہیں کہ نہیں۔ شاہ محمود قریشی کے مطابق پاکستان افغانستان میں امن کے لیے ہر ممکن کوششوں میں مصروف عمل رہے گا۔