یمن: سعودی اتحاد کا جیل پر فضائی حملہ، 100 سے زائد قیدی ہلاک متعدد زخمی

 یمن: سعودی اتحاد کا جیل پر فضائی حملہ، 100 سے زائد قیدی ہلاک متعدد زخمی

صنعا:  یمن میں حوثی گروپ کی ایک جیل پر سعودی اتحادی فورسز  کے فضائی حملے میں ہلاکتوں کی تعداد ممکنہ طور پر 100 سے تجاوز کر گئی جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے  کے مطابق  یمن کے شمالی شہر صعدہ میں ہونے والی سعودی اتحاد کی فضائی کارروائی میں اب تک جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں کی اصل تعداد واضح نہیں ہو سکی ہے۔

یمن میں انٹرنیشل کمیٹی آف ریڈ کراس کے ترجمان بشیر قمر کا کہنا ہے کہ اموات مزید بڑھنے کا بھی امکان ہے،  انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس کمیٹی کے عملے نے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے مختلف جگہوں پر منتقل کر دیا ہے۔

  
دوسری جانب  سیو دی چلڈرن نامی عالمی تنظیم کے مطابق صعدہ شہر میں جیل پر ہونے والے فضائی حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 70 بتائی جارہی ہے۔

صعدہ شہر میں سعودی اتحادی فورسز نے بندر گاہ کے شہر حدیدہ میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن سنٹر کو بھی نشانہ بنایا،  جو کہ یمن کی انٹرنیٹ تک رسائی ممکن بناتاہے۔


خیال رہے کہ سعودی  اتحادی فورسز کی یمن میں کی جانے والی یہ کارروائی حوثیوں کی جانب سے کچھ روزقبل متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت کی شہری تنصیبات پر ڈرون اور میزائل حملے کےبعد  کی گئی ہیں ۔