لاہور: جعلی نمبر پلیٹ اور ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن

لاہور: جعلی نمبر پلیٹ اور ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن


لاہور:محکمہ ایکسائز نے جعلی نمبر پلیٹ اور ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔محکمہ ایکسائز کی ٹیمیں  12 مقامات پر ناکہ بندی کرکے غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹر  گاڑیوں کی چکینگ کر رہیں ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق لاہو کے مختلف علاقوں اچھرہ،بھیکے والا موڑ،لبرٹی چوک،ایم او کالج ، مال روڑ، قرطبہ چوک،ڈیفنس موڑ ، جناح ہاسپٹل،ٹھوکر نیاز بیگ،بھاٹی،لاری اڈہ اورکلمہ چوک پر  ایکسائز ٹیمیں ناکہ بندی کرکے غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹر گاڑیوں کے خلاف کاروائی کر رہیں ہیں۔شہر کے مخلتف مقامات پر ایکسائز ٹیم نے چکینگ کے دوران درجنوں گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹ اتار لیں ہیں، جبکہ مختلف کاروائیوں میں متعدد ڈیفالٹرز گاڑیوں کے چالان کر دئیے ہیں۔محکمہ ایکسائز کا ٹوکن ڈیفالٹرز،فنسی نمبر پلیٹ وہیکلز کے خلاف آپریشن پانچ بجے تک جاری رہے گا۔


واضح رہے اس سے قبل محکمہ ایکسائز کی جانب سے شہریوں کو خبردار کیا گیا تھا  کہ جعلی نمبر پلیٹیں لگانے والوں کے خلاف آج سے کریک ڈاؤن ہوگا۔ اس حوالے سے حکام نے کہا  کہ جن لوگوں نے ایکسائز کے نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس لگا رکھی ہیں ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جائے گی، صرف ان لوگوں کے خلاف کارروائی ہوگی جنہوں نے فینسی نمبر پلیٹس لگا رکھی ہیں یعنی نمبر پلیٹس رنگین ہیں، نام لکھا گیا ہے یا کسی بھی صورت میں ٹیمپر کیا گیا ہے۔ تاہم جرمانے سے بچنے کیلئے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر انہیں نئی نمبر پلیٹس نہیں ملیں تو انہیں محکمہ ایکسائز کے نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس استعمال کرنا ہوں گی۔ 

خیال رہے کہ  اب تک محکمہ ایکسائز شہریوں سے 2 ارب روپے وصول کر چکا ہے، تاہم 22 لاکھ نمبر پلیٹس زیر التوا ہیں۔ قلت کے باعث محکمہ ایکسائز نے نمبر پلیٹس کیلئے آن لائن درخواستیں لینا بند کردی ہیں۔