ناراض نثار کو پریس کانفرنس سے روکنے کیلئے وزرا متحرک

ناراض نثار کو پریس کانفرنس سے روکنے کیلئے وزرا متحرک

اسلام آباد: ناراض نثار کو پریس کانفرنس سے روکنے کے لیے وفاقی وزرا نے کوششیں تیز کر دیں۔ تحفظات دور کرنے کی یقین دہانیاں کرائی جا رہی ہیں لیکن ناراض نثار نے پارٹی ساتھیوں کی بات ماننے سے انکار کر دیا ہے اور ان کا اصرار ہے کہ وہ عوام کے سامنے اپنا موقف ضرور پیش کریں گے۔ یاد رہے چودھری نثار نے کل پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

ادھر وزرات داخلہ کے ترجمان نے چودھری نثار کی جانب سے نواز شریف سے 32 سالہ رفاقت ختم کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ کے قریبی ذرائع کے حوالے سے چلنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔ لہذا قریبی ذرائع کون سے ہیں اس کی وضاحت کی جائے۔ ترجمان کے مطابق میڈیا کو پہلے بھی کہا تھا کہ قیاس آرائیاں نہ کی جائیں تاہم پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ کیا کہیں گے اسی دن ہی واضح ہو گا۔

واضح رہے گزشتہ روز بھی پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے بلائے جانے والے اہم اجلاس میں بھی وزیر داخلہ چودھری نثار نے شرکت نہیں کی تھی اور پنجاب ہاؤس میں بیٹھ کر وزارت داخلہ کی فائلیں نمٹاتے رہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں