نثار آزمائش اور مشکل میں پیچھے نہیں ہٹیں گے: سعد رفیق

نثار آزمائش اور مشکل میں پیچھے نہیں ہٹیں گے: سعد رفیق

اسلام آباد: ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا چودھری نثار کی نواز لیگ اور نواز شریف سے 32 سال کی رفاقت ہے جبکہ آزمائش اور مشکل میں وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا چودھری نثار انشا اللّٰہ فرنٹ لائن پر ہوں گے اور مخالفین کی ناپاک خواہشات دھری رہ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں ایشوز پر اختلاف رائے کا حق ہے کیونکہ اختلاف کرنے اور اختلاف برداشت کرنے والے دونوں کا کریڈٹ اصل جمہوریت ہے۔

سعد رفیق کا کہنا ہے کہ مخالفین میں ہمت ہے تو عوامی خدمت اور کارکردگی کا مقابلہ کریں کیونکہ ہمیں گالیاں، بے ہودہ الزام، انتقامی مقدمات اور سازشیں نہیں روک سکتیں۔

یاد رہے میڈیا میں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ چودھری نثار کے وزیراعظم نواز شریف سے اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں اور وہ اس حوالے سے اپنی پریس کانفرنس میں اہم اعلانات کریں گے۔

ادھر ناراض نثار کو پریس کانفرنس سے روکنے کے لیے وفاقی وزرا نے بھی کوششیں تیز کر دیں۔ تحفظات دور کرنے کی یقین دہانیاں کرائی جا رہی ہیں لیکن ناراض نثار نے پارٹی ساتھیوں کی بات ماننے سے انکار کر دیا ہے اور ان کا اصرار ہے کہ وہ عوام کے سامنے اپنا موقف ضرور پیش کریں گے۔ چودھری نثار نے کل پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں