آخری ون ڈے: پاکستان کا زمبابوے کو 365رنز کا ہدف

آخری ون ڈے: پاکستان کا زمبابوے کو 365رنز کا ہدف
کیپشن: فوٹو: انٹرنیٹ

بلاوایو : پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے آخر ی مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 365رنز کا ہدف دے دیا ہے۔بلاوائیو کے کوئنز سپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے سلامی بلے باز فخرزمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز پر اعتماد انداز میں کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 168 رنز بنائے۔جارح مزاج فخر زمان 168 کے مجموعی اسکور پر 85 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ انہوں نے اپنی اننگز میں ایک چھکا اور 10 چوکے لگائے۔

پاکستانی کی دوسری وکٹ اوپنر امام الحق کی گری جو 110 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جب کہ یہ ان کے کیریئر کی چوتھی سنچری تھی۔ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شعیب ملک نے جب تیسر ا رن مکمل کیا تو وہ پاکستان کے لیے 7000رنز سکور کرنے والے آٹھویں کھلاڑی بنے ، آ ل راﺅنڈر18رنز بنا کر پوویلین لوٹے،آصف علی بھی زیادہ لمبی باری نہیں کھیل پائے اور18رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے ،بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے ون ڈے کیریئر کی8ویں سنچری مکمل کی اور پاکستان نے مقررہ50اوورز میں4وکٹوں پر364رنز سکور کیے،بابر اعظم106اور کپتان سرفراز احمد6رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔

اس سے قبل کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخرزمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، فخر زمان نے ایک مرتبہ پھر شاندار آغاز کیا اور آج کی اننگز میں 20 رنز بنانے کے ساتھ ہی وہ روزہ کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔فخر زمان نے یہ کارنامہ 18 میچز میں انجام دیا جب کہ اس سے قبل یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے سابق مایہ ناز بلے باز سر ویون رچرڈ کے پاس تھا، انہوں نے 21 میچز میں ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں گرین شرٹس کو پہلے ہی 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔چوتھے ون ڈے میں قومی ٹیم نے زمبابوے کو 400 رنز کا ہدف دیا تھا جب کہ سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔وائٹ واش سے بچنے کے لیے میزبان ٹیم کو میچ لازمی جیتنا ہوگا اور شکست کی صورت میں قومی ٹیم کو رواں سال سیریز جیتنے سمیت کسی بھی ٹیم کو وائٹ واش کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہوگا۔