سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں: آرمی چیف

سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں: آرمی چیف
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اکرام اللہ گنڈا پور کی خودکش حملے میں شہادت پر اظہار افسوس۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک اور محب وطن سیاسی رہنما سے محروم ہوگئے ہیں۔ ہمارے شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، ہم پُرعزم اور ثابت قدم ہیں اور رہیں گے۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملے میں پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور پر حملے کی شدید مذمت کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام امیدواروں کو بلا امتیاز سیکیورٹی فراہم کی جائے اور انتخابات کے لیے ماحول پر امن اور سازگار بنایا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے نگراں وزیراعلیٰ، آئی جی اور چیف سیکرٹری کے پی کے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہدایات کے باوجود سیکیورٹی کا مناسب انتظام کیوں نہیں کیا جاتا؟

چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام امیدواروں کو بلا امتیاز سیکیورٹی فراہم کی جائے اور انتخابات کے لیے ماحول پر امن اور سازگار بنایا جائے۔

یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں ہونے والے خودکش حملے میں پی ٹی آئی کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور شہید ہوگئے جب کہ حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اکرام اللہ گنڈا پور پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 99 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔