تہران: ایران نے امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کی جاسوسی کا نیٹ ورک توڑنے اور 17 جاسوس پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی میڈیا کا بتانا ہے کہ ایران نے سی آئی اے کے لیے کام کرنے والے 17 جاسوسوں کو پکڑا جن میں سے بعض کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔
رائٹرز کے مطابق ایران کے سرکاری ٹی وی کی جانب سے بھی سی آئی اے کے جاسوسی نیٹ ورک کو توڑنے کا دعویٰ کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی میں 17 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ایرانی نیوز ایجنسی فارس کے مطابق ایرانی انٹیلی جنس منسٹری کے حکام نے سی آئی اے کے جاسوسوں کی گرفتاری اور ان کی سزائے موت کی تصدیق کی ہے۔
خیال رہے کہ ایران، امریکا اور برطانیہ کے درمیان گزشتہ ہفتوں سے کشیدگی جاری ہے۔ برطانیہ کی جانب سے ایرانی آئل ٹینکر قبضے میں لیے جانے کے بعد ایران نے گزشتہ دنوں آبنائے ہرمز سے دو برطانوی آئل ٹینکر کو قبضے میں لیا ہے۔