وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کے درمیان ملاقات آج ہو گی

وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کے درمیان ملاقات آج ہو گی
کیپشن: وزیراعظم عمران خان آج ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وائٹ ہاؤس جائیں گے۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم ملاقات آج ہو گی۔وزیراعظم عمران خان امریکی صدر کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر امریکا میں موجود ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ روز پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا جب کہ اس سے قبل وزیراعظم کی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیراعظم عمران خان آج ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وائٹ ہاؤس جائیں گے جہاں امریکی صدر ان کا استقبال کریں گے۔ٹرمپ انتظامیہ نے عمران خان کے دورہ وائٹ ہاؤس کو تعلقات بہتر بنانے کا موقع قرار دیا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا دورہ پائیدار شراکت داری اور تعاون کو مستحکم بنانے کا موقع ہے۔ امریکا پاکستان کو یہ پیغام پہنچانا چاہتا ہے کہ تعلقات کی بہتری کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کی ملاقات میں خواتین کے حقوق، میڈیا کی آزادی، انرجی، ایگری کلچر اور تجارت پر بات ہو گی جب کہ ملاقات میں انسداد دہشتگردی پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

ٹرمپ انتظامیہ نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ افغان امن عمل میں پاکستان کی مدد کو سراہتے ہیں اور اسے تسلیم کرتے ہیں۔