'عام انتخابات میں دہشت گردی کے خطرے کو رد نہیں کیا جا سکتا'

'عام انتخابات میں دہشت گردی کے خطرے کو رد نہیں کیا جا سکتا'
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد:پاکستان کے نگران وزیر داخلہ اعظم خان نے متنبہ کیا ہے کہ دہشت گردی اب بھی ایک خطرہ ہے اور آئندہ عام انتخابات میں شدت پسندوں کے حملوں کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر داخلہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات سے پہلے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اگرچہ ملک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے کی جانے والی انسداد دہشت گردی کی کاروائیوں کے نتیجے میں امن و امان کی صٖورت حال پہلے کے مقابلے میں کافی بہتر ہے۔ لیکن، دہشت گردی کا خطرہ اب بھی موجود ہے۔ اور ان کے بقول، دہشت گرد عام انتخابات کے عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے کارروائی کرسکتے ہیں۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا "آپ کو پتا ہے کہ پاکستان میں حالات پہلے تو بہت خراب تھے اور اب فوج کی آپریش کی وجہ سے کافی کنڑول ہوگئے ہیں۔ لیکن، دہشت گردی کا خطرہ جو ہے رہے گا اب بھی ہے اب بھی کسی حد تک ہے اور یہ رہے گا اس بات کورد نہیں کیا جاسکتا ہے کہ دہشت گرد کسی سیاسی جماعت یا اس کی ریلی یا اجلاس میں خلل ڈالیں یا گڑ بڑ ناکریں۔"

پاکستان میں عام انتخابات کا انعقاد آئندہ ماہ ہوگا اور الیکشن کمیشن پہلے ہی اس بات کا اعلان کر چکا ہے کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوجی اہلکار تعینات ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے ایک ترجمان یہ کہہ چکے ہیں کہ ملک میں عام انتخابات سے پہلے انتخابی مہم کے دوران سیاسی قائدین کی سیکورٹی کے انتظامات صوبائی حکومتیں کریں گی۔

دریں اثنا پاکستان کے نگران وزیر اعظم ناصر الملک نے آزادانہ و منصفانہ انتخابات کروانے کے لیے الیکشن کمیشن کے طرف سے کئی گئے اقدمات کا جائزہ لیا۔

 الیکشن کمیشن کے سیکرٹریٹ میں پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان نے الیکشن کمیشن کی طرف سے عام انتخابات کے صاف و شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدمات سے متعلق وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق، اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ملک میں انتخابات کو صاف و شفاف بنانے کی ذمہ داری تمام متعلقہ فریقوں پر عائد ہوتی ہے اور الیکشن کمیشن اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پورے کرے گا۔

نگران وزیر اعظم ناصر الملک نے اس موقع پر اس بات کی یقن دہانی کروائی کہ ملک کے تمام انتظامی ادارے غیر جانبدارانہ، شفاف اور آزادنہ انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔