مظفر گڑھ، بس اور رکشے کے درمیان تصادم، 5 افراد جاں بحق

مظفر گڑھ، بس اور رکشے کے درمیان تصادم، 5 افراد جاں بحق
کیپشن: وزیراعلیٰ نے حادثے سے متعلق انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

مظفرگڑھ: چوک سرور شہید کے قریب ٹریفک حادثے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق چوک سرور شہید کے قریب تیز رفتار بے قابو بس نے موٹرسائیکل رکشے کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ حادثے پر جاں بحق افراد کے ورثاء نے میانوالی روڈ پر احتجاج کیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حادثے میں قیمتی جانوں کے زیاں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے حادثے میں زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور حادثے سے متعلق انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔