افغانستان، پاکستان اپنی سرزمین ایک دوسرے کیخلاف استعمال نہ ہونے دیں، شاہ محمود

افغانستان، پاکستان اپنی سرزمین ایک دوسرے کیخلاف استعمال نہ ہونے دیں، شاہ محمود
کیپشن: پاکستان خلوص نیت سے افغان امن عمل کی حمایت کر رہا ہے، شاہ محمود۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: افغان امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پر امن اور خوشحال افغانستان کی حمایت کرتا ہے۔ پرامن اور خوشحال افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، افغان بحران کی وجہ سے پاکستان بہت زیادہ متاثر ہوا۔ افغان مسئلہ حل کرنے کے لیے پاکستان بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ الزام تراشی کے ماحول سے نکلنا ضروری ہے جبکہ افغانستان اور پاکستان اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔ پاکستان خلوص نیت سے افغان امن عمل کی حمایت کر رہا ہے اور وزیراعظم عمران خان افغانستان میں مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان افغانستان کی تعمیر و ترقی کے اقدامات کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے مستقبل کے حکمراں افغان ہی ہونے چاہئیں۔ افغان مسئلے کا حل فوجی نہیں صرف مصالحت میں ہے۔