امیرقطر کا دورہ پاکستان وزیراعظم پر اعتماد کا مظہر ہے، فردوس عاشق اعوان

امیرقطر کا دورہ پاکستان وزیراعظم پر اعتماد کا مظہر ہے، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: Image Source: Govt Of Pakistan Twitter Account

اسلام آباد: معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے قطرکے معززمہمان کو پاکستان آنے پرخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ امیرقطر کا دورہ پاکستان وزیراعظم عمران خان پر  اعتماد کامظہرہے، دورہ پاکستان نئے پاکستان کی نشانی ہے، ملک کو درپیش مسائل کے حل کےلیے امیرقطر کا دورہ معاون ہو  گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ قطرسے کیے جانےوالے معاہدوں سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی ۔ دنیا وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کی معترف ہے۔ امیر قطر کا دورہ پاکستان اور 22 ارب ڈالر ز   کی سرمایہ کاری نئے پاکستان کی نوید ہے، دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہے جو معاشی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہو گی۔

انہوں نے مریم نواز کی پریس کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج سزا یافتہ راج کماری نے کافی لمبالیکچر دیا،کافی لمبی صف ماتم بچھائی، سب سے پہلے چچاکےخلاف نوحہ پڑھا، اس کو سب سے پہلے شہباز شریف سے پارٹی صدارت سے استعفیٰ طلب کرناچاہیے ۔

فرودس عاشق اعوان نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب قطرکانام آتاہے تو ساتھ ذہن میں قطری خط اورمخصوص خاندان بھی آتا تھا،تین مرتبہ کے وزیراعظم نے اپنی اولادکےلیے جائیدادیں بنائیں، ن لیگ آج دو نظریاتی نعروں میں پھنس گئی ہے ،شہبازشریف اورمریم نوازکے نظریات میں فرق واضع ہو گیا ہے۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ اگرملک کے70سالہ قیدیوں کی میڈیکل رپورٹس سامنے آئیں توسب بیمارہوں گے،بیماری کے نام پرآہ وبکاکی جارہی ہے جبکہ نو ازشریف کودل کانہیں اقتدارکادردہے۔