وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا

وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا۔

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے کابینہ اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے کیا جائے گا۔ اجلاس میں اہم ملکی اور قومی امور پر غور ہو گا جبکہ کورونا وائرس کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔وفاقی کابینہ کا سات نکاتی ایجنڈا کابینہ ارکان کو بھجوا دیا گیا۔وفاقی کابینہ افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام میں توسیع کا فیصلہ کرے بھی گی اور افغان مہاجرین کی توسیع سے متعلق وزارت سیفران کی سمری پیش ہو گی۔

وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور توانائی پر کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی جبکہ قصر ناز کراچی اور چمبہ ہاؤس لاہور کو لیز پر دینے کا معاملہ بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہو گا۔پاکستان میں سیٹیلائٹ سروسز کی اجازت سے متعلق وزارت آئی ٹی پالیسی ہدایات پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کے تمام ملازمین پر لازمی مینٹیننس ایکٹ کے نفاذ میں توسیع کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہو گا۔ننکانہ صاحب میں زمینوں کی نظر ثانی شدہ قیمتوں پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ بریفنگ دیں گے۔

گزشتہ ہفتے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں بیڈز، آکسیجن اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پاکستان نے کورونا کا مقابلہ متوازن حکمت عملی سے کیا ہے۔ انہوں نے ہیلتھ ورکرز کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے خصوصی اجلاس میں کہا کہ پوری قوم طبی عملے کی خدمات کی معترف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ نے اب تک پوری ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔