ٹرمپ صدر بننے کے لیے اخلاقی طور پر ناقابل ہیں، نینسی پلوسی

ٹرمپ صدر بننے کے لیے اخلاقی طور پر ناقابل ہیں، نینسی پلوسی

واشنگٹن:امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ عوام کو اس بات کا جواب چاہیے کہ آخر کیسز کم دکھانے کے لیے کورونا ٹیسٹنگ سست کیوں کی گئی۔

صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے اہلکاروں کو حکم دیا تھا کہ ٹیسٹ سست رفتاری سے کیے جائیں تاکہ کم کیسز سامنے آئیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ صدر ٹرمپ اخلاقی طور پر ٹھیک نہیں اور نہ وہ اپنی دانش کے لحاظ سے اس بات کے اہل ہیں کہ ملک کی قیادت کریں۔

پلوسی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا پھیلنے سے روکنے کا طریقہ ٹیسٹنگ، ٹریسنگ اور ٹریٹمنٹ ہے۔ لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ ٹیسٹ کی تعداد کم کرنے کا آخر کیوں کہا گیا، جب ماہرین تجویز کررہے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جائیں۔

سپیکر پلوسی نے کہا کہ کورونا ٹاسک فورس کے اہلکاروں کو اگلے ہفتے کمیٹی کے سامنے پیشی پر اس بارے میں جواب دینا ہوگا۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے ہفتے کی شب ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جتنے زیادہ ٹیسٹ کیے جائیں گے اتنے زیادہ کیسز سامنے آئیں گے، اسی لیے انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ مہربانی کر کے ٹیسٹ کرنے کا عمل ہی سست کردیں۔