سائنو فارم ویکسین کی دوسری ڈوز میں کتنے ہفتوں کا وقفہ دیا جائے گا؟ نئی گائیڈ لائنز کا اعلان ہو گیا

سائنو فارم ویکسین کی دوسری ڈوز میں کتنے ہفتوں کا وقفہ دیا جائے گا؟ نئی گائیڈ لائنز کا اعلان ہو گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین سائنو فارم کی دوسری ڈوز میں 6 ہفتوں کا وقفہ دئیے جانے کا اعلان کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے سائنو فارم ویکسین سے متعلق نئے رہنماءاصول جاری کر دئیے ہیں اور ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ پہلی ڈوز کے بعد دوسری ڈوز چھ ہفتوں بعد لگائی جانی چاہیے۔
دوسری جانب حکومت نے گزشتہ روز ملک میں کورونا ویکسین کی قلت کا اعتراف کیا تھا اور پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ واک ان ویکسین کی وجہ سے ویکسی نیشن سینٹر پر قلت پیدا ہوئی تاہم حکومت نے 1.1 ارب ڈالر کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے مختص کئے ہیں جبکہ اس کی خریداری میں مڈل مین کا کردار بھی نہیں ہے۔ 
واضح رہے کہ بیرون ملک جانے والے افراد کیلئے لاہور کے ایکسپو سینٹر میں ویکسین ختم ہوگئی تھی تاہم گزشتہ روز سے ویکسی نیشن کا عمل دوبارہ شروع ہوگیا تھا لیکن ایکسپو سینٹر لاہور میں صرف سائنو ویک ویکسین لگائی جا رہی ہے اور کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ ایسٹرا زینکا لگوانے کے خواہشمند افراد فی الحال انتظار کریں۔
ذرائع کے مطابق لاہور ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر ایک اور تین میں ویکسین لگائی جارہی ہے جبکہ ویکسی نیشن کی غرض سے آنے والوں میں بڑی تعداد ان شہریوں کی ہے جو بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں اور اس وجہ سے انہیں ایسٹرازینکا ویکسین درکار ہے۔