پشاور زلمی نے پہلے ایلی منیٹر میں کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

پشاور زلمی نے پہلے ایلی منیٹر میں کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ 
شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ 
بابراعظم 53 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان 26، دانش عزیز 13، تھیسارا پریرا 37، شیڈوک والٹن 9، عماد وسیم 16، محمد الیاس 4 اور محمد عامر 7 رنز بنا سکے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے محمد عرفان نے 4 اوورز میں 21 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ وہاب ریاض اور عمید آصف نے بھی 2,2 وکٹیں حاصل کیں اور محمد عمران ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 
پشاور زلمی نے حضرت اللہ زازئی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ ہدف 19.5 اوورز میں محض 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ضرت اللہ زازئی نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
دیگر بلے بازوں میں کامران اکمل 13، امام الحق 11، شعیب ملک 30، خالد عثمان 17، شرفین ردرفورڈ 17 اور روومین پاول 1 سکور بنانے میں کامیاب ہوئے۔ 
کراچی کنگز کی جانب سے تھیسارا پریرا نے 2 اوورز میں 10 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر، محمد الیاس اور نور احمد ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔ 
پشاور زلمی آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے دوسرا ایلی منیٹر کھیلے گی جس کی فاتح ٹیم 24 جون کو فائنل میں ملتان سلطانز کے مدمقابل ہوگی۔