شہباز شریف کی ایف آئی اے میں پیشی، کارکنوں نے دفتر کے قریب کیمپ لگا لیا

شہباز شریف کی ایف آئی اے میں پیشی، کارکنوں نے دفتر کے قریب کیمپ لگا لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف آج لاہور میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے دفتر میں پیش ہوں گے۔ 
مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے اپنے قائد کی پیشی کے موقع پر ایف آئی اے کے دفتر کے قریب کیمپ لگا رکھا ہے جس میں ساؤنڈ سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔ کیمپ میں (ن) لیگ تے تعلق رکھنے والی خواتین کارکنوں کی جانب سے اپنے قائد شہباز شریف کے حق میں نعرے بلند کئے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ شوگر سکینڈل میں ایف آئی اے لاہور نے شہباز شریف کو آج طلب کر رکھا ہے۔ نوٹس میں شہباز شریف سے رمضان شوگر ملز میں چھوٹے ملازمین کے کھاتوں میں منتقل کئے گئے 25 ارب روپے پر جواب مانگا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے شہباز شریف کے صاحبزادے اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو 24 جون کو طلب کر رکھا ہے جبکہ دونوں نے گزشتہ روز سیشن کورٹ لاہور سے حفاظتی ضمانت حاصل کی تھی اور عدالت نے ایف آئی اے کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔