چمکنی میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے 7 افراد کو قتل کر دیا

چمکنی میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے 7 افراد کو قتل کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے چمکنی میں مسلح افراد نے ایک گھر میں فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے 7 افراد کو قتل کر دیا جبکہ پولیس نے واردات میں ملوث 4 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پشاور کے نواحی علاقے چمکنی کے گاؤں چوہا گجر میں جائیداد کے تنازع پر پیش آیا جس میں ایک ہی خاندان کے سات افراد کو بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا۔ 

اے ایس پی چمکنی احمد زنیر چیمہ کے مطابق ابراہیم خان سکنہ پندو روڈ کے گھر پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ابراہیم کے تین بیٹے جلال، سلمان، سلیم، ابراہیم کا بھائی حبیب اللہ ، زوجہ حبیب اللہ اور بانو زوجہ ابراہیم جاں بحق ہوگئے۔ 

اے ایس پی چمکنی نے یہ بھی بتایا کہ 7 افراد کے قتل کا یہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے اور فریقین کے درمیان زمین کا تنازع تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

پشاور پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے ساتوں افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اے ایس پی چمکنی کے مطابق پولیس نے فون کال ٹریس کر کے واردات میں ملوث 4 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔