سابق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کورونا کے مریضوں کو "گوانتا ناموبے " بھیجنا چاہتے تھے

سابق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کورونا کے مریضوں کو
سورس: file photo

واشنگٹن :سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا میں مبتلا امریکی شہریوں کو گوانتا نامو بے بھیجنا چاہتے تھے ۔ 

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق   دو صحافیوں کی جانب سے لکھی گئی کتاب میں یہ انکشاف کیا گیا ہےکہ سابق امریکی صدر کا خیال تھا کہ امریکا میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے شہریوں کو گوانتاناموبے کی جیل میں رکھا جائے۔

رپورٹ کے مطابق کتاب میں بتایا گیاہے  کہ امریکا میں کورونا وائرس کی صورتحال خراب ہونے کے بعد ٹرمپ نے فروری 2020 میں ہونے والی ایک میٹنگ میں اپنے اسٹاف سے سوال کیا کہ کیا ہمارے پاس ایسا کوئی جزیرہ نہیں جس کے ہم مالک ہیں؟ گوانتاناموبے کے بارے میں کیا خیال ہے؟

یاد رہے کہ کیوبا میں موجود گوانتاناموبے جیل کو امریکا سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کے لیے استعمال کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اُس وقت ٹرمپ نے کہا کہ ہم مصنوعات درآمد کرتے ہیں اور ہم وائرس درآمد نہیں کریں گے۔اس میٹنگ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ خود وائرس کا شکار ہوگئے اور انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

سابق امریکی صدر کے دور میں امریکا کو کورونا کی انتہائی خطرناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور جان ہاپکنز یونیورسٹی کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے دور حکومت تک امریکا میں کورونا سے 4 لاکھ افراد ہلاک ہوچکے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اس وقت کے سیکرٹری صحت سے کہا کہ ٹیسٹنگ مجھے مار رہی ہے، ٹیسٹنگ کی وجہ سے میں الیکشن ہارجاؤں گا۔