اختلافات دور، یار محمد رند وزیر اعلیٰ جام کمال سے ملاقات پر آمادہ

اختلافات دور، یار محمد رند وزیر اعلیٰ جام کمال سے ملاقات پر آمادہ
سورس: file photo

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے مابین اختلافات کے ختم ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، جام کمال جلد یار محمد رند سے ملاقات کریں گے۔

نیو نیوز کے مطابق  چیئرمین کشمیر کمیٹی کی کوششوں سے بلوچستان کے وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم کے درمیان جاری تناؤ کی برف پگھلنے لگی ہے۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی رہنما یار محمد رند سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جس کے بعد دونوں میں اختلافات ختم ہونے کا امکان پیدا ہوا ہے۔'

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں شہریار آفریدی نے جام کمال اور یار محمد رند کو اختلافات دور کرنے کی درخواست کی۔

یار محمد رند نے صوبائی حکومت سے متعلق اپنے تحفظات سے شہریار آفریدی کو آگاہ کیا  اور وزارت سے استعفے کی پیش کش بھی کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریار آفریدی نے وزیر تعلیم کو استعفیٰ نہ دینے پر قائل کیا اور یار محمد نے بھی استعفیٰ نہ دینے کا وعدہ کیا۔

شہریار آفریدی نے یار محمد رند کو تحفظات دور کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بھی یار محمد رند سے ملاقات پر آمادگی کا اظہار کیا  اور  یقین دہانی کرائی کہ  یار محمد کے تحفظات دور کریں گے۔