ملک کے مسائل کی بڑی وجہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ہیں ، فواد چوہدری

ملک کے مسائل کی بڑی وجہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ہیں ، فواد چوہدری
سورس: file photo

اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ملک کے تمام مسائل کا ذمہ دار ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کو قرار دےدیا۔

 قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے نظام کا مسئلہ دو خاندان ہیں،دونوں بیرون ملک جائیدادیں بنارہے ہیں،یہ کہتےہیں آمریت نے ملک تباہ کیا لیکن مسلسل 13 سال پیپلزپارٹی کی حکومت کےباوجود سندھ کا حال دیکھ لیں۔

 فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک کی آمدنی کم اور خرچہ زیادہ ہے جس کی وجہ سے مشکلات ہیں،1947 سے لے کر 2008 تک 6 ہزار ارب روپے قرضہ تھا، پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں قرضہ بڑھ کر 26 ہزار ارب روپے ہوگیا، انہوں نے 10 سال میں 20 ہزار ارب روپے قرضے لیے،10 سال تک انہوں نے اتنا قرضہ بڑھا دیا جس کے نتیجے میں اب ہر سال 2 ہزار ارب روپے قسطوں میں سود دینا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں نے 20 ہزار ارب روپے قرضے لے کر 10 سالوں میں کیا کیا؟ بجلی کے پلانٹ لگا دیے اور ساہیوال میں کوئلے کے پلانٹ لگا دیئے، جوکراچی سے آکر ساہیوال کوئلہ پہنچانا تھا وہ بھی مہنگا منصوبہ ثابت ہوا، بجلی کے مہنگے پلانٹ پر  بجلی کمپنیوں کو حکومت کو 900 ارب روپے ہر سال دینے پڑتے ہیں چاہے ہم بجلی استعمال کریں یا نا کریں اور وہ بجلی بنائیں یا نا بنائیں، اس کی ذمہ داری اپوزیشن جماعتوں پر ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ میں  وزیر اطلاعات نےکہاکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ اوورسیز پاکستانیوں کو انتخابات سے باہر رکھنا چاہتی ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن اقدامات کرے، اگر کسی کو سیاست کرنی ہے تو الیکشن کمیشن چھوڑ کر سیاسی جماعت بناکر سیاست کرے۔