این سی او سی کا ائیرپورٹس پر رش کا نوٹس

این سی او سی کا ائیرپورٹس پر رش کا نوٹس
سورس: file photo

کراچی: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک کے تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کے بڑھتے ہوئے رش کا نوٹس لیتے ہوئے سول ایوی ایشن (سی اے اے) کو اہم ہدایات جاری کردیں۔

نیو نیوز کے مطابق این سی او سی نے کراچی سمیت ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے ڈومیسٹک لاونجز میں مسافروں کے بڑھتے ہوئے رش کو کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی قرار دیا۔

این سی او سی نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فوری اقدامات کرنے کے لیے ہدایت جاری کردی۔

این سی او سی کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ایک ہی وقت میں دو پروازیں آپریٹ نہ کرنے اور  دوگھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ چار سے پانچ پروازیں آپریٹ کرنے ہدایت کی گئی ہے۔

ہدایت نامے میں ایئرپور ٹ مینیجر، سیکیورٹی فورس کو احکامات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این سی او سی کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندورن ملک جانے والی ہر دو پروازوں کے درمیان 45 منٹ کا وقفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ نے این سی او سی ہدایت پر عمل درآمد کے لیے پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائن کو 28 جون تک نظرثانی شدہ فلائٹس کا شیڈول جمع کرانے کی ہدایت کردی۔