متحدہ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی پاک سر زمین پارٹی میں شامل

متحدہ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی پاک سر زمین پارٹی میں شامل

کراچی: پاک سر زمین پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور وکٹ گرا دی۔ رکن سندھ اسمبلی عبداللہ شیخ نے پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ مصفطیٰ کمال نے عبداللہ شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہم سے سب لوگوں نے رابطہ رکھا اور ہم نے پہلے دن سے کوئی جھوٹ نہیں بولا۔ ان کا مزید کہنا تھا ہماری باتیں ٹھیک ہونے کی وجہ سے لوگ ہمارے پاس آ رہے ہیں۔ شیخ عبداللہ بھائی آخری نہیں ہم سے اور بھی بہت سے لوگ رابطے میں ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا ہمیں مسائل اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہم نے دشمنیاں نہیں کیں۔ جو پارٹی میں نہیں آئے گا ہم ان سے رابطے میں رہیں گے۔ ہماری طرف سے کسی پر کوئی پریشر بھی نہیں ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا آج رات ہلہ گلا ہو گا اور کل بہت بڑا کنونشن ہو گا۔ پنڈال میں ہر زبان اور نسل کے لوگ شامل ہونگے۔

سربراہ پاک سر زمین پارٹی نے کارکنوں کو کل 3 بجے پنڈال میں پہنچنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔

عبداللہ شیخ نے کہا 5 مارچ کی تقریر سُننے کے بعد مزید کوئی گنجائش نہیں رہتی۔ ہمیں ملک کا غدار کوئی نہ کہے ہم پاکستان کے وفادار تھے اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو توڑنے والے سے کوئی ہمدردی نہیں رکھ سکتا۔

واضح رہے شیخ عبداللہ پی ایس 97 کراچی 9 سے ایم کیو ایم پاکستان کی ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں