اجمیر دھماکے کے دو ملزموں کو عمر قید کی سزا

اجمیر دھماکے کے دو ملزموں کو عمر قید کی سزا

ممبئی:انڈیا کے شہر اجمیر کی درگاہ پر سنہ 2007 میں ہونے والے دھماکے میں مجرم ٹھہرائے جانے والے دو افراد کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
سنہ 2007 کے اس دھماکے میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے اور 17 افراد زخمی ہوئے تھے۔ یہ دھماکے سنہ 2007 میں 11 اکتوبر کو رمضان کے مہینے میں ہوئے تھے۔
قومی  تحقیقاتی ایجنسی   کی ایک خصوصی عدالت نے ریاستی دارالحکومت جے پور میں بدھ کو دیویندر گپتا اور بھاویش پٹیل کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔چھ مارچ کو اس معاملے میں خصوصی عدالت نے تین افراد دیویندر گپتا، بھاویش پٹیل اور سنیل جوشی کو مجرم قرار دیا تھا۔
تینوں کو این آئی اے کورٹ نے بم نصب کرنے اور مذہبی جذبات بھڑکانے کے الزام میں قصوروار ٹھہرایا ہے۔ دیویندر گپتا اور بھاویش پٹیل کو عدالتی حراست میں لے لیا گیا تھا جبکہ سنیل جوشی کی دھماکے کے بعد پراسرار طور پر موت ہو گئی تھی۔
پہلے این آئی اے نے اس دھماکے کے لیے اسیمانند کو ماسٹر مائنڈ قرار دیا تھا، لیکن جے پور کورٹ نے اسیمانند اور دیگر کو وافر ثبوت کی عدم موجودگی میں رہا کر دیا تھا۔ اس صورت میں کورٹ نے آر ایس ایس کے سینیئر عہدیدار اندریش کمار کو بھی بری کر دیا تھا۔
سنہ 2011 میں اسیمانند نے مجسٹریٹ کو اپنے اقبالیہ بیان میں کہا تھا کہ اجمیر کی درگاہ، حیدرآباد کی مکہ مسجد اور دیگر کئی مقامات پر ہونے والے بم دھماکوں میں ان کا اور دوسرے ہندو شدت پسندوں کا ہاتھ تھا۔ بعد میں وہ اپنے بیان سے منکر ہو گئے اور اسے این آئی اے کے دباو میں دیا گیا بیان بتایا گیا۔