شام پر حملے کے سنگین نتائج ہونگے، روس کی امریکا کو پھر وارننگ

شام پر حملے کے سنگین نتائج ہونگے، روس کی امریکا کو پھر وارننگ

ماسکو: روسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ شامی حکومت کی دہشت گردوں کے خلاف کامیابی پر دہشت گردوں کے حامی ممالک برہم ہیں اور امریکا دہشت گردوں کے ہاتھوں جزوی شکست کی تلافی کے سلسلے میں شام پر حملے کا منصوبہ بنا رہا ہے جو ناقابل قبول ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکا بہانے کی تلاش میں ہے تاہم روس نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ شام پر حملے کے سنگین نتائج ہوں گے۔ دریں اثنا شام میں روسی بمباری اور داعش کے راکٹ حملے میں مزید 45 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ادلب میں واقع کیمپ پر روسی فضائیہ کی بمباری سے 10 شہری جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں: احد تمیمی کو ایک معاہدے کے بعد 8 ماہ قید کی سزا

روسی فضائیہ کے ایس یو 24 قسم کے جنگی طیارے نے لازکیہ کے اڈے سے پرواز کرتے ہوئے ادلب کے قصبے الخاص میں واقع مہاجر کیمپ پر بم برسائے اس کے نتیجے میں10 شہری ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔ حالیہ 10 روز کے اندر ادلب اور حامہ پر حملوں کے دوران اب تک 31 افراد ہلاک اور 66 زخمی ہو چکے ہیں۔ سلامتی کونسل کے ایک فیصلے کی رو سے الغوطہ الشرقیہ سمیت شام کے دیگر علاقوں کیلئے فائر بندی کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر شامی انتظامیہ نے اس فیصلے کی خلاف ورزیاں کرنا شروع کر رکھی ہیں جبکہ باغیوں کے راکٹ حملے کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے۔

ادھر دمشق کے مشرقی علاقے جَرامانا میں باغیوں نے راکٹ سے حملہ کر دیا۔ راکٹ ایک مارکیٹ پرگرے جہاں متعدد افراد خریداری کر رہے تھے۔ راکٹ حملے کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے۔ ہلاک و زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ووٹوں کی خریدو فروخت کا اسکینڈل، پیرو کے صدر نے استعفیٰ دیدیا

شامی پولیس افسر نے بین الااقوامی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ پر رونق بازار میں کیا گیا جس کے باعث اب تک 35 افراد کے ہلاک اور 23 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ زخمیوں میں سے 9 افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں