پاکستان کو امریکی جنگ کا حصہ بنا کر دلدل کی طرف دھکیلا گیا: فضل الرحمان

پاکستان کو امریکی جنگ کا حصہ بنا کر دلدل کی طرف دھکیلا گیا: فضل الرحمان

کراچی: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے، عزم کرنا ہوگا کہ ترقی کے لیے کراچی میں امن اور سکون لانا ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی اسلام زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی نفرتوں کو ختم کرنے کی بات ہمارے علما نے کی ہے، ہم نے ہمیشہ ملک میں ہم آہنگی کی بات کی ہے۔ ہم کراچی میں رہنے والے تمام زبانیں بولنے والوں کو ایک برادری سمجھتے ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں غلام نہیں بنا سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ہی تحریک پر تمام مکتبہ فکر لاہور میں اکٹھے ہوئے اور بیانیہ جاری کیا، ہم پاکستان میں مسلح جدوجہد کے حامی نہیں، ہم نے مسلح جدوجہد کا انکار کرکے آئین اور قانونی طور پر پُر امن جدوجہد کا راستہ اپنایا۔ بیانیے میں آئین اور ریاست کے ساتھ وفاداری کا حلف تھا۔ 1973 کے آئین کے مطابق جدوجہد کیلئے جمہوری راستوں کا قائل ہوں۔ وقت کے آمر نے پاکستان کے وقار کو غیروں کے ہاتھ بیچا۔ پاکستان کو امریکی جنگ کا حصہ بنا کر دلدل کی طرف دھکیلا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میرے مدرسے، پگڑی اور داڑھی کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے۔ مغربی تہذیب سے مرغوب قوتیں اسلام کی ایسی تشریح مانگتی ہے جس سے مغرب بھی راضی رہے عیاشی بھی چلتی رہے، مسلمان بھی کہلائیں۔