کراچی: مکان میں آتشزدگی سے ماں اور 2 بچے جاں بحق

کراچی: مکان میں آتشزدگی سے ماں اور 2 بچے جاں بحق
کیپشن: آگ لگی تو گھر میں بہو اور 2 بچے موجود تھے اور اپنی مدد آپ کے تحت گھر کے دروازے توڑے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ نیو نیوز

کراچی: جمشید روڈ پر گھر میں آتشزدگی سے ماں اور 2 بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے

کراچی کے علاقے جمشید روڈ پر تین ہٹی کے قریب ایک گھر میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی اور گھر میں موجود خاتون اور بچوں کو گھر سے نکلنے کا موقع نہ ملا جس کے باعث وہ جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون، ایک کمسن لڑکی اور ایک کمسن لڑکا شامل ہیں۔ خاتون کی شناخت شمائلہ کے نام سے ہوئی جب کہ ان کے بچوں میں 8 سالہ انیسہ اور 7 سال کے سفیان شامل ہیں۔

بچوں کے دادا نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ گھر میں دھواں بھرنے سے آگ کا پتا چلا۔ جب آگ لگی تو گھر میں بہو اور 2 بچے موجود تھے اور اپنی مدد آپ کے تحت گھر کے دروازے توڑے۔ جب گھر میں داخل ہوئے تو بہو اور دونوں بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

واقعے کا پتا چلنے پر ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا جب کہ جاں بحق ماں اور بچوں کی لاشیں قریبی اسپتال منتقل کر دیں۔