لاہور سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بارش، موسم خوشگوار

Rainy weather in Lahore and other parts of the country
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور:لاہور سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔پنجاب ،کے پی ،شمالی بلوچستان میں بارش ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب، اسلام آباد اور شمالی بلوچستان میں آندھی اور تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اوربلند پہاڑوں پر برفباری کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔

اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب اور کشمیر میں چند مقا مات پر موسلا دھار بارش پڑنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

گزشتہ روز خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب، شمالی اور وسطی بلوچستان میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہوئی۔

دیر 31، چترال 30، مالم جبہ 27، کالام 25، کاکول 24، دروش 23، بالا کوٹ 20، میرکھنی 21، پٹن 11، سیدو شریف 10، ڈی آئی خان 06، چراٹ 04، تخت بائی 01، اسلام آباد 21، سید پور 14، بوکرہ 08، گولڑہ 02، جھنگ 20، اٹک 11، راولپنڈی 10، بھکر 06 ، چکوال، خانیوال 05 ، فیصل آباد 04، قصور 03، مری، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ 02، نورپور تھل، اوکاڑہ 01، لاہور سٹی 01، زیارت 19، کوئٹہ 06، لورالائی 06، قلات 05، ژوب، مسلم باغ 04، مستونگ، پشین 03، سبی 01، مظفر آباد 08، گڑھی دوپٹہ 04 اور راولا کوٹ میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے اتوار سے منگل تک ملک بھر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع کی تھی۔ بارش کی وجہ سے شہریوں کو روزمرہ کے معاملات نمٹانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ دفتروں میں ملازمین کی حاضری کم ہے۔