وزیرداخلہ شیخ رشید نے کورونا وائرس کے اندیشے کے باعث دفعہ 144 نافذ کردی

Sheikh Rasheed Big Statement

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے باعث وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، ہم سب پر فرض ہے کہ کورونا کے خلاف مل کر لڑیں، ماسک پہنیں اور اجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔ 

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر بہت تیزی سے پھیل رہی ہے اس لئے تاجر ہفتے میں دو روز اپنے کاروبار بند رکھیں،ہم سب پر فرض ہے کہ مل کر کورونا کے خلاف لڑیں،عوام کو خبردار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث اسلام آباد میں دفعہ 144 اور 188 نافذ کی جا چکی ہے اور اب ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ اور گرفتاری بھی ہو سکتی ہے۔

 قبل ازیں شیخ رشید نے کورونا وائر س کے خطرے کے پیش نظر سی ڈی اے ہسپتال میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی،  شیخ رشید نےسی ڈی اے ہسپتال سے سائنوفارم ویکسین لگوائی، شیخ رشید پچھلے سال کورونا سے متاثر ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے اپنے گھر میں ہی قرنطینہ اختیار کر لیا تھا، ، بعد ازاں دوبارہ  ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد  انہیں ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

 دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک بھر میں مزید سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں جن کا اطلاق فوری طور پر ہو گا جو 11 اپریل تک جاری رہیں گی البتہ اس سے پہلے سات اپریل کو دوبارہ حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا میں تیزی سے پھیلاؤ کے باعث ملک بھر میں معاون سرگرمیوں پر پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلہ آج صبح این سی اوسی اجلاس میں کیاگیا۔