بھارت میں کورونا وائرس بے قابو، ایک ہی دن میں اتنے کیسز سامنے آ گئے کہ حکام بھی پریشان ہو گئے

بھارت میں کورونا وائرس بے قابو، ایک ہی دن میں اتنے کیسز سامنے آ گئے کہ حکام بھی پریشان ہو گئے
کیپشن: بھارت میں ایک روز میں کورونا وائرس کے ریکارڈ کیسز سامنے آگئے
سورس: File photo

نئی دہلی: عالمگیر موذی وباء کورونا وائرس بھارت میں بے قابو ہو گئی ہے جہاں ایک دن میں ریکارڈ کیسز سامنے آنے پر بھارتی حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جس کی وجہ سے جلد اعلیٰ سطحی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق بھارت میں کسی بھی ملک سے زیادہ ویکسی نیشن ہونے کے باوجود بھی کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں کمی نہیں آ رہی ہے جس کے باعث حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔  بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے تقریباً 47 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو بھارت میں گزشتہ برس 7 نومبر سے کورونا وائرس کے آغاز سے لے کر اب تک ایک دن میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

 بھارت میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد ایک کروڑ 16 لاکھ 46 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور ایک لاکھ 60 ہزار افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ایک کروڑ 11 لاکھ سے زائد افراد اب تک صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق  گزشتہ ہفتے میں بھارت میں کورونا کے کیسز میں انتہائی تیزی دیکھنی میں آئی ہے اور گزشتہ 4 ماہ کے دوران گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ 

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا سے 212 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جو 9 جنوری کے بعد ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہے جہاں ایک روز میں اب تک کے سب سے زیادہ 30 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ کل کیسز کی تعداد 24 لاکھ 80 ہزار تک جا پہنچی ہے۔اس کے علاوہ چار ریاستوں پنجاب، کیرالا، کرناٹکا اور گجرات میں بھی ایک روز کے دوران سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارت میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بڑھنے کے بعد ملک میں ایک بار پھر پابندیاں عائد کردی گئی ہیں اور راجستھان حکومت نے 8 شہروں میں رات کے اوقات میں کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا ہے جبکہ مارکیٹیں رات 10 بجے بند کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا میں 11 روز کیلئے کرفیو نافذ کیا گیا ہےاور ناگپور میں بھی کورونا کی پابندیوں میں 31 مارچ تک توسیع کردی گئی ہے جہاں ریسٹورنٹس شام 7 بجے اور دکانیں شام 4 بجے بند کردی جائیں گی جبکہ سرکاری و نجی اداروں میں 25 فیصد سٹاف کی حاضری ہوگی۔