کورونا کی تیسری لہر: این سی او سی اعلامیہ میں سخت پابندیوں کا اعلان

Global pandemic, deadly virus, Pakistan, NCOC, lockdown

اسلام آباد :نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عالمی وباء کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر کاروبار رات 8 بجے بند کرنے، ہفتہ اور اتوار کے روز مارکیٹس مکمل بند رکھنے، سینماء اور مزارات بند کرنے سمیت سخت پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے جن کا اطلاق 11 اپریل سے ہو گا۔ 

تفصیلات کے مطابقاین سی او سی کے اجلاس میں  ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر میں شدت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور آٹھ فیصد سے زائد کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح والے شہروں میں سخت پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ این سی او سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ  ملک بھر میں رات 8 بجے تک تمام کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ہفتے میں دو دن کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی ،ملک بھر میں سینما اور مزارات مکمل بند رہیں گے جبکہ کورونا ایس او پیز کے ساتھ 300 افراد تک کے اجتماعات کی اجازت ہوگی۔

 اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ملک بھر میں کورونا کی موجودہ صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے  فیصلہ کیا گیا  ہے کہ رات 10 بجے تک صرف آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی،ہفتے میں دو دن کاروباری سرگرمیاں مکمل بند رہیں گی جبکہ دو دنوں کا تعین وفاق کی اکائیاں کریں گی، اس کے علاوہ بند مقامات پرہونےوالےتمام ثقافتی، موسیقی اورمذہبی اجتماعات پرپابندی ہو گی ،سپورٹس،تہوار، ثقافتی اور دوسری تقریبات کے انعقاد پر بھی مکمل پابندی عائد رہے گی 

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا شادی کی آؤٹ ڈورتقریبات 2 گھنٹےکیلئے ہوں گی اور کسی ان ڈور تقریب کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام سرکاری و نجی دفاتر اور عدالتوں میں 50 فیصد عملے کی گھر سے کام کرنے کی پالیسی اختیار کی جائے گی، عدالتوں میں لوگوں کی موجودگی کوکم کیا جائے گا،دوسری طرف اجلاس میں گلگت بلتستان،کے پی اورآزادکشمیر میں سیاحتی مقامات پرٹیسٹنگ پوائنٹس بنانےکافیصلہ بھی کیا گیا ہے۔  این سی او سی کے فیصلوں کا اطلاق 11اپریل تک رہے گا جبکہ 7 اپریل کو صورتحال کادوبارہ جائزہ بھی لیا جائے گا، تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے کیلئے 24 مارچ کو جائزہ لیا جائے گا۔ 

دوسری جانب ملک میں کورونا کی تیسری لہر  تیزی سے پھیل  رہی  ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران  مسلسل پانچویں دن کورونا کے 3 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئےہیں۔ ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.4 فیصد ہوگئی،این سی اوسی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق  پاکستان میں کورونا کے مزید 3ہزار،669 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے  متاثرین کی مجموعی تعداد 6لاکھ،30ہزار،471 تک پہنچ گئی،ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے متاثرہ 20 مریض جان کی بازی ہار گئے، اموات کی تعداد 13ہزار863 ہوگئی ۔

ایک دن کے دوران سامنے آنے والے 3,600 مریضوں میں سے 51 افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 2423 افراد تشویشناک حالت میں ہیں۔24 گھنٹے کے دوران 1686 افراد نے کورونا کو شکست دی جس کے بعد  5لاکھ،83ہزار،538 مریض کورونا کو شکست دے کر صحت یاب ہو گئے ہیں، 24 گھنٹے میں 43 ہزار 498 ٹیسٹ کئے گئے  اور یوں اب تک 98 لاکھ ،17 ہزار 491 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں ۔  کورونا کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں 2 لاکھ 63 ہزار 290 مریض ہیں، پنجاب میں 1 لاکھ 99 ہزار 40 ، خیبر پختونخوا میں 80 ہزار 37 ، اسلام آباد میں 52 ہزار 86 ، بلوچستان میں 19 ہزار 342،  آزاد کشمیر میں 11 ہزار 704 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 972 کورونا کے مریض ہیں۔