پاناما کیس، جے آئی ٹی پہلی عبوری رپورٹ آج سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی

پاناما کیس، جے آئی ٹی پہلی عبوری رپورٹ آج سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی

اسلام آباد: پاناما کیس کی تحقیقات میں کیا پیش رفت ہوئی جے آئی ٹی آج عبوری رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائےگی۔ پاناما عملدرآمد کیس کی سماعت جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ کرے گا۔

چھ رکنی جے آئی ٹی نے یہ رپورٹ 15 روز کی تحقیقات کے بعد تیار کی ہے جو عدالت میں پیش کی جائیگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تین رکنی بینچ جے آئی ٹی کی کارکردگی کا بھی جائزہ لے گا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور شیخ رشید نے بھی آج سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے سپریم کورٹ نے 20 اپریل کو پاناما لیکس کے معاملے پر آئینی درخواستوں کا فیصلہ سنایا جو 23 فروری کو محفوظ کیا گیا تھا۔ فیصلہ 540 صفحات پر مشتمل تھا جسے جسٹس اعجاز اسلم خان نے تحریر کیا۔ پاناما کیس کے تفصیلی فیصلے کے آغاز میں جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 1969 کے مشہور ناول 'دی گاڈ فادر' کا ذکر کرتے ہوئے لکھا، 'ہر بڑی دولت کے پیچھے ایک جرم ہوتا ہے'۔

فیصلے پر ججز کی رائے تقسیم رہی  کیونکہ 3 ججز ایک طرف جبکہ 2 ججز جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس گلزار احمد خان نے اختلافی نوٹ لکھا اور وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے سے اتفاق کیا۔

فیصلے کے مطابق ایف آئی اے کے سینئر ڈائریکٹر کی سربراہی میں 7 دن کے اندر جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی جو 2 ماہ میں اپنی تحقیقات مکمل کرے گی جبکہ جے آئی ٹی کو ہر 2 ہفتے بعد سپریم کورٹ بینچ کے سامنے اپنی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

عدالتی فیصلے میں وزیراعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کی بھی ہدایت کی گئی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں