فاروق ستار اور عامر خان نے سندھ ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کر دی

فاروق ستار اور عامر خان نے سندھ ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کر دی

کراچی: اشتعال انگیز تقاریراور میڈیا ہاوسز پر حملے کا کیس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور رہنما عامر خان نے حفاظتی ضمانت کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ ملزمان نے موقف اختیار کیا ہے کہ متحدہ بانی کی تقریر سے انکا کوئی تعلق نہیں۔ پولیس اور رینجرز کو گرفتاری سے روکا جائے۔

فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس مقدمے میں رکھنا تھا تو 22 اگست کی رات نہیں چھوڑنا چاہیے تھا۔ فاروق ستار نے مزید کہا کہ کراچی اور سندھ کے شہری کل بھی ایم کیو ایم کے ساتھ تھے آج بھی ہیں۔ دفاتر واپس ملنے چاہیئے اور کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں کرنا چاہیے۔

یاد رہے فاروق ستار نے اشتعال انگیز تقریر سمیت 31 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے جبکہ اینٹی ٹیررازم کورٹ نے فاروق ستار کی گرفتاری کا ٹاسک ڈی جی رینجرز کو دے رکھا ہے۔

واضح رہے گذشتہ سال 22 اگست کو کراچی پریس کلب پر ایک جلسے کے دوران متحدہ کے بانی کی جانب سے کی جانے والی انتہائی اشتعال انگیز تقریر کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال کے دوران میڈیا ہاوسز پر ہونے والے حملوں کے الزام میں متحدہ کے رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل، رہنماؤں قمر منصور، شاہد پاشا اور گل فراز خٹک سمیت دیگر 50 کارکن کے خلاف مقدمات قائم کیے گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں