ایران کو تنہا کیا جا رہا ہے، وزیراعظم پاکستان تماشائی بنے رہے، عمران خان

ایران کو تنہا کیا جا رہا ہے، وزیراعظم پاکستان تماشائی بنے رہے، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ خوش آئند بات ہے کہ سپریم کورٹ نے 60 روز میں جے آئی ٹی کو تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہہ دیا کہ پاناما کیس کریمنل انویسٹی گیشن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کل جس طرح پاکستانی وزیراعظم کو ٹریٹ کیا گیا وہ شرمندگی کا باعث ہے اور ٹرمپ کی باتوں پر نواز شریف کو کوئی تو بیان دینا چاہیے تھا کیونکہ ٹرمپ کو تو پاکستان یاد ہی نہیں آیا صرف بھارت کی بات کرتا رہا ہے۔ نواز شریف پاکستان کے وزیراعظم ہیں تو کم از کم پاکستان کے لوگوں کی ہی بات کر لیتے۔

عمران خان نے کہا بھارت کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے جبکہ پاکستان کو امریکا کی جنگ کے لیے 100 ارب کا نقصان ہوا اور 70 ہزار پاکستانیوں کی جان گئی۔ ان کا کہنا تھا دوسروں کی جنگوں میں شرکت پاکستان کے مفاد میں نہیں اور ہم نہیں چاہتے کہ مسلم دنیا میں انتشار ہو جبکہ وزیراعظم نواز شریف کو کہنا چاہیے تھا کہ ہم فریق نہیں ثالث بنیں گے اور  یہ بھی واضح کرتے کہ پاکستان ایران کو الگ نہیں رکھنا چاہتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ایران کو تنہا کیا جا رہا ہے اور وزیراعظم پاکستان تماشائی بنے رہے اس طرح کی پاکستان کی خارجہ پالیسی پر نواز شریف کو استعفا دینا چاہیے جبکہ جنرل باجوہ نے کہا تھا کہ جنرل راحیل کا کردار یہ ہو گا کہ مسلم دنیا میں انتشار نہ ہو۔

کپتان نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا سعودی عرب میں نواز شریف کو میچ کھلایا ہی نہیں گیا اور وہ 12 ویں کھلاڑی کے طور پر بیٹھ کر تالیاں بجاتے رہے اور سنا ہے نواز شریف نے تقریر تیار کرنے میں 6 گھنٹے لگائے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا سوشل میڈیا ایک انقلاب ہے اور ہر انسان اپنی رائے رکھنے کا حق رکھتا ہے جمہوریت میں آزادی اظہار پر پابندی غیر جمہوری ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں