اپوزیشن ہمارے ساتھ ملکر عوام کی خدمت کریں ،راجہ فاروق حیدر

اپوزیشن ہمارے ساتھ ملکر عوام کی خدمت کریں ،راجہ فاروق حیدر

مظفرآباد:  وزیرا عظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی دلچسپی کیوجہ سے آزادکشمیر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 10ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے جو انکا آزادکشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ وابستگی کا عملی اظہار ہے۔ اپوزیشن کو کہتا ہوں ماسٹروں کے تبادلوں سے نکل آئیں، ریاستی ترقی کے لیے قومی پالیسی کی تشکیل کے عمل کا حصہ بنیں اورہمارے ساتھ ملکر عوام کی خدمت کریں ،ہمارا ارادہ کسی کو دیوار کے ساتھ لگانے کا ہے نہ انتقامی کاروائی کرنے کا جس نے غلط کیا اس کا احتساب ہو گا اس کے لیے ایسا نظام بنائیں گے کہ کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ کے میڈیا حال میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی،وزیر ٹرانسپورٹ ناصر ڈار،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ، سیکرٹری اطلاعات منصور قادر ڈار اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال بھی موجود تھے۔وزیرا عظم نے کہا کہ ماضی میں کمیشن مافیہ کیوجہ سے اکثر ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے۔کچھ سیاسی جماعتیں منفی سیاست کرکے ترقیاتی عمل میں رکاوٹ ڈالنا چاہتی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ریاستی بیوروکریسی اچھا کام کر رہی ہے سارے لوگ نااہل نہیں ہیں۔ بیورو کریسی کی کارکردگی کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ بڑھانے پر وزیر اعظم پاکستان اور ساری مرکزی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنائیں گے۔

مصنف کے بارے میں