عمران خان کا سو دن کا پروگرام حقیقت پر مبنی نہیں، لیگی رہنما

عمران خان کا سو دن کا پروگرام حقیقت پر مبنی نہیں، لیگی رہنما
کیپشن: مسلم لیگ ن نے اپنی کارکردگی ثابت کر کے دکھائی، لیگی رہنما۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے 100 دن کے ایجنڈے کا جواب دے دیا۔

وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہم انتخابی عمل کی طرف بڑھ رہے ہیں اور مسلم لگ نے اپنے منشور پر بھر پور عمل کیا اور مسلم لیگ ن نے اپنی کارکردگی ثابت کر کے دکھائی۔ ہماری حکومت نے سسٹم میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی شامل کی اور معیشت میں 13 سالوں کے دوران سب سے تیز ترین ترقی کی۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کسی سابق جج یا بیورو کریٹ کو نگراں وزیر اعظم بنانا نہیں چاہتے، ذرائع

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کی لہر کی کمر توڑ دی ہے۔ آج پاکستان 2013 کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہے اور مسئلہ 100 دن کا نہیں بلکہ آئندہ 1825 دن کا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان کے مسائل کوحل کیا ہے اور آج پاکستان کے دو بڑے مسائل میں توانائی اور دہشتگردی شامل نہیں۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ ہماری سیاست میں شعبدہ بازوں کی کمی نہیں اور شعبدہ باز نے 100 دن کا پروگرام پیش کیا جب ہم نے ان کا 100 دن کا پروگرام دیکھا تو ہنسی آئی کیونکہ نقل کیلئے بھی عقل چاہیے۔

انہوں نے کہا معیشت میں 13 سال کے دوران سب سے تیز ترین ترقی کی اور ہماری حکومت سے پہلے ترقی کی شرح 3 فیصد تھی جو 5 فیصد تک پہنچ گئی۔ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور جہاں اب امن بحال ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا تحریک انصاف  کا پروگرام عملی نہیں تصوراتی ہے۔ نیا صوبہ بنانے میں 50 ارب لگ جائیں گے۔ خان صاحب سے پوچھیں 1600 ارب کہاں سے لائیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں