ترک صدر کی ایران جوہری معاہدے سے نکلنے پر امریکہ پر تنقید

ترک صدر کی ایران جوہری معاہدے سے نکلنے پر امریکہ پر تنقید
کیپشن: فوٹو: انٹرنیٹ

استنبول : ترک صدر رجب طیب اردگان نے جوہری ہتھیار کے حامل ممالک پر الزام لگایا ہے کہ وہ دنیا کو دھمکا رہے ہیں جبکہ ساتھ ہی انھوں نے امریکہ کو ایران جوہری معاہدے سے نکلنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے طیب اردگان کا کہناتھا کہ اگر ہم انصاف کی بات کریں اور منصفانہ رویہ اختیار کریں تو جوہری ہتھیار سے لیس ممالک کا یہ کہنا کہ جوہری پاور سٹیشن خطرہ ہیں تو ان کا بین الاقوامی برادری کے سامنے کوئی اعتبار نہیں رہ جاتا۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی کو تمام طرح کے جوہری ہتھیار سے پاک کرنا ہوگا۔ بظاہر ان کا اشارہ اسرائیل کی جانب تھا کیونکہ اس علاقے میں یہی وہ واحد ملک ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں۔

واضح رہے کہ دس دن قبل امریکی صدر نے ایران کے ساتھ چھ ممالک کے جوہری معاہدے سے خود کو علیحدہ کر لیا تھا، اس معاہدے کا مقصد ایران کی جوہری سرگرمیوں پر لگام لگانے کے عوض اس پر عائد پابندیاں ختم کرنا تھالیکن امریکہ ایران پر مزید سخت پابندیاں عائد کرنا چاہتا ہے۔